بنگلورو،10؍مارچ(ایس او نیوز)ریاست میں سیلف ڈیفنس آرمی تشکیل دینے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے،اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ داخلہ کی جانب سے نئے منصوبوں کوجاری کیاجائے گا۔یہ باتیں ریاستی وزیربرائے داخلہ،قانون وامورپارلیمان بسوارج بومئی نے کہی۔
بروزمنگل شہرمیں کرناٹک اسٹیٹ ریزروپولیس(کے ایس آرپی)کی جانب سے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے اسکول وکالج کی طالبات کے لیے منعقدہ سیلف ڈیفنس تربیتی پروگرام کاافتتاح کرنے کے بعد انہوں نے کہاکہ اسکول اورکالجوں کی طالبات کو خودکادفاع کئے جانے کے سلسلہ میں تربیت فراہم کرناخو ش آئندہے۔آ ج کے اس دورمیں خواتین کاتحفظ ایک بہت بڑاچیلنج ہے۔خواتین کوچاہئے کہ وہ اپنادفاع آپ کرنے کی قوت اپنے اندرپیداکریں اس کے لیے سلیف ڈیفنس کی تربیت نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ ریاست میں خواتین پولیس اہلکاروں کوخصوصی تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے، اس مقصدکے تحت ان کے لیے خصوصی ٹریننگ اسکول کا قیام زیرغورہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیشہ ریاست میں نظم ونسق کی حفاظت میں کے ایس آرپی کا اہم کرداررہاہے۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پرشکنجہ کستے ہوئے کے ایس آرپی نے ریاست میں امن وامان برقرار رکھا ہے۔ریاست میں سیلف ڈیفنس آر می تشکیل دینے کے مقصدسے پولیس کے اعلیٰ حکام و افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیاگیاہے۔ 15؍اپریل کوریاست میں سیلف ڈیفنس آرمی تشکیل دینے کامنصوبہ بنایاگیاہے اس ضمن میں محکمہ مالیات کوتجویزروانہ کردی گئی ہے۔